حضرت ولی عصر تحقیقاتی مرکز : یورپ سے آئے ہوئے زائرین حضرت سید الشہداء علیہ السلام نے عراق کے معروف بزرگ عالم دین آیت اللہ سید محمد تقی مدرسی سے ملاقات کی۔
انہوں نے اس ملاقات کے دوران زائرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: دین کی تبلیغ، اس کی تعلیمات کے فروغ اور لوگوں کو اس کی طرف بلانے کی کوشش کرنی چاہیے اور اس میں حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے راستے سے الہام اور ان کی بابرکت تحریک سے عزم و ارادہ حاصل کرنا چاہیے۔
آیت اللہ مدرسی نے مزید کہا: خداوند متعال کے قوانین خلقت میں ثابت اور غیر متغیر ہیں، جن میں وقت اور ہر چیز کی مدت بھی شامل ہے جو اس دنیا کی ہر چیز پر غالب ہے۔
انہوں نے کہا: مغرب کی مادی تہذیب انہی قوانین کے تحت اب زوال کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
آیت اللہ مدرسی نے کہا: موجودہ عالمی نظام کا تمدنی متبادل صرف اسلام ہے کیونکہ اسلام ایک مکمل اور جامع تہذیب کے تمام عناصر کا حامل دین ہے اور ان بڑی خامیوں سے پاک ہے جو دیگر تہذیبوں کے زوال کا سبب بنتی ہیں۔