حضرت ولی عصر تحقیقاتی مرکز : خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں نماز جمعہ 31 جنوری 2025 کو حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے فرمایا: ماہ مقدس ماہ شعبان آپ حضرات کی خدمت میں حاضر ہے اور یہ حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا مہینہ ہے، یہ برکتوں کا مہینہ ہے، اس مہینے میں خداوند عالم نے بڑی بڑی نعمتیں دی ہیں، جناب زینب سلام اللہ علیہا، جناب امام حسین سید الشہداء صلواۃ اللہ و سلامہ علیہ، جناب ابوالفضل العباس صلواۃ اللہ و سلامہ علیہ، جناب علی اکبر صلواۃ اللہ و سلامہ علیہ اور حضرت ولی عصر حضرت حجت بن الحسن العسکری صلواۃ اللہ و سلامہ علیہ کی ولادت باسعادت ہے۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے مزید فرمایا: یہ مہینہ برکتوں کا، عظمتوں کا، مغفرتوں کا مہینہ ہے، اعمال کا مہینہ ہے، روزہ رکھنے کا مہینہ ہے، اس مہینے میں جو شخص روزہ رکھے گا خداوند عالم اس کو جہنم کی آگ سے دور کرے گا۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے نمازیوں کو متوجہ کرتے ہوئے فرمایا: خوشی کے مہینے آزادی کے نہیں بلکہ عبادت کے مہینے ہیں۔ خداوند عالم یہ مہینے، یہ فصل رکھی ہے عبادتوں کی، نمازوں کی، دعاؤں کی، استغفار کی۔
مولانا سید احمد علی عابدی روایت بیان کرتے ہوئے فرمایا: طوبی جنت کا درخت ہے اور زقوم جہنم کا درخت ہے۔ جو نیک عمل انجام دیتا ہے وہ درخت طوبی کی شاخ سے متمسک ہوتا ہے اور جو برے عمل انجام دیتا ہے وہ درخت زقوم کی شاخ سے متمسک ہوتا ہے اور یہ شاخیں اسے اصل (جڑ) تک لے جاتی ہیں۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے اچھی آواز میں اذان اور دعا پڑھنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا: روایات میں آیا ہے کہ اذان دینے والا خوش لحن ہو، اس کی آواز دلوں کو چھوئے۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے ماہ شعبان میں صلواۃ شعبانیہ کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: ہمیں اپنے امام، اپنے صاحب، اپنے مولا امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی جانب متوجہ رہنا چاہیے، ان سے توسل کرنا چاہیے۔