2024 March 29
اخبار ’الریاض‘ فلسطینی تحریک آزادی کی توہین کا مرتکب:حماس
مندرجات: ٩١٥ تاریخ اشاعت: ٠٨ August ٢٠١٧ - ١٠:٠٥ مشاہدات: 956
خبریں » پبلک
اخبار ’الریاض‘ فلسطینی تحریک آزادی کی توہین کا مرتکب:حماس

شیعیت نیوز: اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ’الریاض‘ کی جانب سے جماعت کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اخبار ’الریاض‘ نے فلسطینی تحریک آزادی اور مقدسات کے دفاع کے لیے جاری جدو جہد کی توہین کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق حماس کی جانب سے سعودی اخبار کے اداریے کے رد عمل میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اخبار الریاض میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں بالخصوص حماس کو ’دہشت گرد‘ قرار دینا انتہائی خطرناک سوچ ہے۔ حماس اخبار الریاض کے موقف کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کلی طور پر مسترد کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس فلسطینی قوم کے سلب شدہ حقوق بالخصوص حق خود ارادیت کے حصول کے ساتھ ساتھ مقدسات کے دفاع کے لیے جدو جہد کررہی ہے۔ حماس قابض صہیونی دشمن کے سوا کسی سے دشمنی کی روادار نہیں۔ حماس کی جنگ صرف غاصب صہیونیوں کے خلاف ہے۔ دفاع قبلہ اول اور فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے آئینی جدو جہد کرنے والی تنظیموں اور حماس کو دہشت گرد قرار دینا فلسطینی تحریک آزادی کی توہین ہے۔ سعودی اخبار نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ فلسطینی قوم کی خدمت نہیں بلکہ صہیونی ریاست کی خدمت کے مترادف ہے۔

پوری مسلم امہ اور عرب دنیا مسئلہ فلسطین کو اولین حل طلب مسئلہ قرار دیتی ہے۔ ایسے میں سعودی عرب جیسے فلسطینی تحریک آزادی کے حامی ملک کے کسی اخبار کی طرف سے حماس کو دہشت گرد قرار دینا انتہائی افسوس ناک ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اخبار الریاض نے فلسطینی قوم کی نہیں بلکہ اسرائیلی دشمن کی ترجمان کی ہے۔ حماس الریاض اخبار کے موقف کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق اور تحریک آزادی و دفاع مقدسات کی توہین کے مترادف قرار دیتی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے اخبار ’الریاض‘ نے حماس کے وفد کے دورہ ایران کی خبر شائع کرنے کے ساتھ ساتھ جماعت کو ’دہشت گرد‘ تنظیم قرار دیا تھا۔





Share
* نام:
* ایمیل:
* رائے کا متن :
* سیکورٹی کوڈ:
  

آخری مندرجات