2024 April 26
تین ممالک کے علماء کا مشترکہ فتویٰ؛ خود کش حملے حرام ہیں
مندرجات: ١٥٥٢ تاریخ اشاعت: ١٣ May ٢٠١٨ - ١٧:١٥ مشاہدات: 1374
خبریں » پبلک
تین ممالک کے علماء کا مشترکہ فتویٰ؛ خود کش حملے حرام ہیں

پاکستان، افغانستان اور انڈونیشیا کے جید علمائے کرام نے متفقہ طور پر فتویٰ جاری کیا ہے کہ دین اسلام میں شدت پسندی اور دہشت گردی بشمول خود کش حملے حرام ہیں۔

پاکستان، افغانستان اور انڈونیشیا کے متعدد مذہبی اسکالرز نے متفقہ طور پر اعلان کیا ہے کہ شدت پسندی اور دہشت گردی بشمول خود کش حملے اسلامی قوانین کے منافی ہیں۔

واضح رہے کہ مذہبی اسکالرز کا مذکورہ اعلان افغان طالبان کو خود کش حملے کرنے سے روکنے کی کوشش سمجھا جارہا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا علماء کونسل کے زیر اہتمام سہ فریقی اجلاس میں تقریباً 70 علماء نے شرکت کی اور خودکش حملوں کے خلاف مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تاکہ افغانستان میں امن اور استحکام کا حصول ممکن ہو سکے۔

انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈونیشیا جنگ زدہ ملک میں امن کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔

انڈونیشیا کے صدر نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد افغانستان میں امن کے لیے جدوجہد کرنے والے علماء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘علماء امن کے داعی ہیں اور وہ یہ طاقت رکھتے ہیں کہ سورش زدہ ماحول میں قیام امن کے لیے کوششیں کر سکیں’۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے ذریعے افغانستان میں امن کا ماحول قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

کانفرنس کا اعلامیہ

کانفرنس میں شریک تینوں مملک کے تقریباً 70 علماء نے متفقہ اعلان کیا کہ اسلام ایک پرامن دین ہے اور ہر طرح کی شدت پسندی اور دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم یقین رکھتے ہیں کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کا تعلق کسی مذہب، قومیت یا لسانی گروپ سے نہیں ہو سکتا اور نہ ہی ہونا چاہیے، ہر طرح کی دہشت گردی جس میں معصوم شہریوں پر ظلم یا خود کش حملے ہوں، اسلام کے بنیادی قوانین کے منافی ہیں’۔

علماء نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کو اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے واضح کیا کہ وہ افغانستان میں امن کے لیے حکومت کے کردار کو سراہاتے ہیں۔

واضح رہے کہ اشرف غنی نے رواں برس فروری میں کابل میں طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔

کانفرنس میں علماء نے افغانستان میں امن کے قیام اور استحکام لانے کے لیے خطے کے علاقائی اور عالمی مملک کی خدمات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

خیال رہے اس سے قبل طالبان نے علماء پر زور دیا تھا کہ وہ انڈونیشیا میں منعقدہ کانفرنس کا بائیکاٹ کریں، اپنے انتباہی مراسلے میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ ‘علماء کانفرنس میں شرکت کرکے افغانستان میں غیر ملکی حملہ آوار کو موقع فراہم نہ کریں کہ وہ علماء کا نام استعمال کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کریں’۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ پاکستان سے 20 علماء نے کانفرنس میں شرکت کی جن میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز، علامہ افتخار نقوی اور شاہ اویس نورانی تھے۔

کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر (اہل تشیع، بریلوی، دیوبندی اور اہلحدیث) کے ترجمان نے بھی شرکت کی۔




Share
* نام:
* ایمیل:
* رائے کا متن :
* سیکورٹی کوڈ:
  

آخری مندرجات