2024 March 19
مقبوضہ کشمیر میں یوم شہادت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام منایا گیا
مندرجات: ١٠٧٩ تاریخ اشاعت: ١٧ October ٢٠١٧ - ١٢:١٦ مشاہدات: 1088
خبریں » پبلک
مقبوضہ کشمیر میں یوم شہادت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام منایا گیا

دنیا بھر کے ساتھ ساتھ کشمیر کے اطراف و اکناف میں بھی یوم شہادت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے سلسلے میں عظیم الشان جلوس عزاء برآمد ہوئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے نے مقبوضہ کشمیر سے رپورٹ دی ہے کہ دنیا بھر کے ساتھ ساتھ کشمیر کے اطراف و اکناف میں یوم شہادت علی ابن الحسین علیہ السلام مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں کشمیر کے گوشہ و کنار سے جلوس عزاء برآمد ہوئے جن میں عزاداروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لے لیا۔

سرینگر کے شالیمار علاقے میں انجمن شرعی شیعان جموں و کشمیر کے اہتمام سے مجلس عزاء منعقد ہوئی جہاں دسیوں ہزار عزادارن نے شرکت کی۔ نماز ظہرین کے بعد جلوس ذوالجناح برآمد ہوا جو تاحال باغ زینب کی جانب آب و تاب کے ساتھ رواں دواں ہے۔

ادھر بارہمولہ کے میر گنڈ علاقے میں بھی اتحاد المسلمین جموں و کشمیر کے اہتمام سے دن بھر مجلس عزاء منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ مجلس عزاء سے سینئیر حریت رہنما اور اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے خطاب کرتے ہوئے سیرت و عظمت اہلبیت طاہرین کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا اور فلسفہ شہادت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

مجلس کے اختتام پر جلوس عزاء برآمد ہوا جس میں شامل عزادار  سینہ زنی اور نوحہ خوانی پیش کررہے تھے جبکہ عزاداروں نے رہبر معظم حضرت آیت اللہ امام خامنہ ای کے حق میں پرجوش نعرے لگائے اور رہبر معظم کے ہر فرمان پر لبیک کہنے کا عزم دہرایا۔ عزاداروں نے اسرائیل امریکہ اور ظالمین جہاں کے خلاف نعرے بازی کی عزاداروں نے مدافع حرم شہید محسن حججی کے تصاویر بھی اٹھائے تھے۔  

ادھر وسطی ضلع بڈگام کے کئی علاقوں میں بھی جلوس عزاء برآمد ہوئے جبکہ سب سے بڑی مجلس عزاء گریند میں منعقد ہوئی جہاں اتحاد المسلمین کے صدر اور حریت رہنما  مولانا مسرور عباس انصاری نے عزاداروں کے جم غفیر سے خطاب کیا۔

مولانا نے اپنے خطاب کے دوران امریکہ کی جانب سے سپاہ پاسداران انقلاب پر پابندی عائد کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے حربوں اور پروپیگنڈوں سے پیروان اہلبیت اور مدافعان حرمین کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔

بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں میں بھی جلوس عزاء برآمد ہوئے جن میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لے لیا۔

درایں اثنا کرگل میں بھی یوم شہادت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ کرگل کے قریہ قریہ سے جلوس عزاء برآمد ہوئے جہاں کرگلی عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے امام سجاد علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔





Share
* نام:
* ایمیل:
* رائے کا متن :
* سیکورٹی کوڈ:
  

آخری مندرجات