2024 April 24
مولانا اطہر عباس رضوی کے انتقال پر مولانا کلب جواد نقوی کی رہائش گاہ پر تعزیتی جلسہ کا انعقاد
مندرجات: ١٠٠٤ تاریخ اشاعت: ١٣ September ٢٠١٧ - ١٢:٤٧ مشاہدات: 1406
خبریں » پبلک
مولانا اطہر عباس رضوی کے انتقال پر مولانا کلب جواد نقوی کی رہائش گاہ پر تعزیتی جلسہ کا انعقاد

معروف عالم دین اور مشہور خطیب مولانا سید اطہر عباس رضوی کلکتوی کے انتقال پر آج بعد نماز ظہر مولانا سید کلب جواد نقوی کی رہائش گاہ پر تعزیتی جلسہ منعقد ہوا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ معروف عالم دین اور مشہور خطیب مولانا سید اطہر عباس رضوی کلکتوی کے انتقال پر آج بعد نماز ظہر مولانا سید کلب جواد نقوی کی رہائش گاہ پر تعزیتی جلسہ منعقد ہوا ۔مجلس علماء ہند کی طرف سے منعقد اس تعزیتی جلسہ میں اراکین مجلس علماء ہند اور دیگر علماء کرام نے شریک ہوکر مولانا مرحوم کی ترویح روح کے لئے فاتحہ خوانی کی اور انکی خدمات کا اعتراف کیا ۔واضح رہے کہ مولانا مرحوم مجلس علماء ہند کے سکریٹری کے عہدہ پر تھے اور ہمیشہ اپنے مخلصانہ مشوروں اور محبت سے نوازتے رہے ۔انکا انتقال مجلس علماء ہند کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔
مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے مولانا اطہر عباس رضوی  کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ مولانا اطہر عباس کا انتقال بڑا قومی نقصان ہے انکی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی ۔مولانا مرحوم نے ہمیشہ ہماری ہر تحریک میں ساتھ دیا اور منبر رسول ؐ سے بھی جگہ جگہ حمایت کی،وہ ایک بیباک اور جرآت مند شخص تھے ۔انکی موجودگی ہمارے لئے باعث تقویت ہوتی تھی ۔ انہوں نے کبھی باطل طاقتوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا اور کلکتہ میں تحریک تحفظ اوقاف چلاتے رہے ۔ہم مولانا مرحوم کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔
    مولانا موسی رضا یوسفی نے کہاکہ مولانا مرحوم ایک عالم باعمل اور بذلہ سنج شخص تھے ۔انہوں نے ہمیشہ منبر کا صحیح استعمال کیا اور قوم کی اصلاح کی کوشش کی ۔مولانا رضاحسین نے کہاکہ وہ ہمیشہ باطل افکار و نظریات کی توبیخ کیا کرتے تھے اور کسی طرح کی مصلحت سے کام نہیں لیتے تھے ۔مولانا تسنیم مہدی زید پوری نے کہاکہ انکی خطابت کا انداز نرالا تھا اور وہ ہمیشہ قوم کو تعلیمات اہلبیتؑ پر عمل کرنے کی تلقین کیا کرتے تھے ۔اس تعزیتی جلسہ میں مولانا موسی رضا ،مولانا اصطفی رضا، مولانا نذر عباس،مولانا فیروزحسین ،مولانا تسنیم مہدی زیدپوری ،مولانا زوا ر حسین ،مولانا رضاحسین ،عادل فراز نقوی ،عمران نقوی اور مولانا شباہت حسین کے علاوہ دیگر مومنین بھی شریک ہوئے ۔آخر جلسہ میں مولانا مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
    مجلس علماء ہند کے دیگر ریاستوں کے نمائندگان و اراکین نے بھی مولانا اطہر عباس رضوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور انکی قومی خدمات کا اعتراف کیا ۔مولانا حسین مہدی حسینی ممبئی، مولانا محسن تقوی دہلی، مولانا نعیم عباس نوگانوی، مولاناکرامت حسین جعفری ممبئی، مولانا جلال حیدر نقوی دہلی، مولانا علی حیدر غازی صدر صوبہ دہلی، مولانا عابد عباس سکریٹری صوبہ دہلی، مولانا تسنیم مہدی زید پوری لکھنو، مولانا رضا حسین لکھنؤ، مولانا آغا محمد مہدی خان چنئی، مولانا صفدر حسین جونپوری ، مولانا امانت حسین پٹنہ ، مولانا اظہر عباس علی پور بنگلور ،مولانا میر شاعر علی بنگلور ،اور دیگر علماء کرام نے مولانا اطہر عباس رضوی کے انتقال پر انکے خانوادہ کی خدمت میں تعزیت پیش کی ۔




Share
* نام:
* ایمیل:
* رائے کا متن :
* سیکورٹی کوڈ:
  

آخری مندرجات